لاہور(این این آئی) صوبائی دارلحکومت لاہور کے علاقہ فیروز پور روڈ پر دھماکہ کرنے والے خود کش حملہ آور کی عمر 16 سے 18 سال کے درمیان تھی۔نجی ٹی وی کے مطابق دھماکے میں 10سے 12کلو گرام بارود ی مواد استعمال کیا گیا جس میں بال بیرنگ بھی شامل تھے ۔ صوبائی دارالحکومت میں دہشتگردی کی کارروائی کے بعد سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ،داخلی اور خارجی راستوں پر اہلکاروں کی تعداد مزید بڑھا دی گئی ،
جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت اہم سرکاری اور نجی عمارتوں اوررش والے مقامات کو بھی سکیورٹی حصار میں لے لیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق فیروز پور روڈ پر دھماکے کے فوری بعد سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ۔ تمام بڑے شہروں کے داخلی اور خارجی راستوں پر سکیورٹی بڑھا دی گئی اور گاڑیوں کی جامع چیکنگ کی گئی۔ پولیس کی طرف سے ریلوے اسٹیشن، بس اسٹینڈز سمیت دیگر رش والے مقامات پر بھی سکیورٹی کو سخت کر دیا گیا ۔