اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پنجاب میں 90سے 95فیصد تھانے فروخت ہوتے ہیں، ڈی پی اوز 15سے 20کروڑ روپے ہر ماہ حمزہ شہباز شریف کو پہنچاتے ہیں، سب سے پہلے سیاستدانوں کا احتساب ہونا چاہئے، جمشید دستی کا پریس کانفرنس سے خطاب۔ تفصیلات کے مطابق عام راج پارٹی کے سربراہ و رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کروڑوں روپے لگائو اور اربوں روپے نکالا جمہوریت کا اصول بن چکا ہے، کرپٹ لوگ پارلیمنٹ
پر قابض ہو چکے ہیں اس لئے احتساب صرف نواز شریف نہیں بلکہ تمام کرپٹ لوگوں کا ہونا چاہئے، سیاستدان اپنے آپ کو پرہیز گار اورپاکباز کہتے ہیں میں سمجھتا ہوں کہ سب سے پہلے سیاستدانوں کا احتساب ہونا چاہئے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کے صاحبزادے اور رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں 90سے 95فیصد تھانے فروخت ہوتے ہیں، ڈی پی اوز 15سے 20کروڑ روپے ہر ماہ حمزہ شہباز شریف تک پہنچاتے ہیں۔