اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)قطری وزیر خارجہ کی پاکستان آمد، سرکاری پروٹوکول ائیرپورٹ روانہ۔ تفصیلات کے مطابق قطر کے وزیر خارجہ آج پاکستانی وقت کے مطابق ساڑھے تین بجے پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ ان کی پاکستان آمد کے موقع پر سرکاری پروٹوکول کو ائیرپورٹ روانہ کر دیا گیا ہے ۔ قطری وزیر خارجہ کی آج پاکستان آمد کی تصدیق مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے
بھی کی ہے۔ اپنے دورہ پاکستان کے دوران قطری وزیر خارجہ پاکستان کی اعلیٰ سول و فوجی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں خاص طور پر مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور سعودی عرب اور قطر تنازعہ پر بھی بات ہو گی۔ نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق قطری وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کے دوران ان سے پانامہ کیس میں قطری شہزادے کے حوالے سے بھی بات کئے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ نجی ٹی وی رپورٹر کے مطابق شریف خاندان کے پانامہ کیس کے حوالے سے قطری وزیر خارجہ سے بات ہونے کا بھی امکان ہےتاہم رپورٹر کے مطابق اس بات کی تصدیق نہ ہو سکی ہے ۔ واضح رہے کہ پانامہ جے آئی ٹی عملدرآمد کیس کی آج دوسرے روز بھی سماعت جاری رہی ہے جس میں شریف خاندان کے وکیل خواجہ حارث نے سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ کے سامنے جے آئی ٹی رپورٹ کو مسترد کرنے کے حوالے سے درخواست کی ہے۔ سپریم کورٹ کے ججز نے سماعت کے دوران اپنے ریمارکس میں کہا ہے کہ اب معاملہ صرف دو باتوں پر رہ گیا ہے یا تو ہم فیصلہ سنائیں یا معاملہ احتساب عدالت کے حوالے کر دیا جائے۔