لاہور(آئی این پی) پنجاب پولیس کو پرانی یونیفارم کی یاد ستانے لگی‘ یونیفارم کے حوالے سے وزیراعلی پنجاب کی زیر صدارت کیبنٹ کمیٹی کا اجلاس ‘وزیر اعلی کو پولیس افسران ، کیبنٹ کمیٹی اور متعلقہ اداروں کی تجاویز سے متعلق آگاہ کیا‘ افسروں اور اہلکاروں کی اکثریت نے پرانی یونیفارم لانے پر اتفاق کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق اجلاس میں اعلی پولیس افسران نے موجودہ یونیفارم کے حوالے سے ایک سروے رپورٹ بھی پیش کی جس میں کانسٹیبل ، اے ایس آئی اور سب انسپکٹر رینک کے اہلکاروں سے یونیفارم کے حوالے سے تجاویز لی گئی تھیں جس میں اکثریت نے یونیفارم کو مسترد کر دیا اور پرانی یونیفارم کو لانے کا مطالبہ کر دیا۔ دوسری جانب کیبنٹ میں شامل دیگر اراکین نے بھی یونیفارم کو تبدیل کرنے کیلئے اپنی تجاویز دیں ذرائع کا کہنا تھا کہ پرانی یونیفارم کو لانے کے حوالے تجاویز دی گئیں جبکہ اس بات پر بھی غور کیا گیا کہ پرانی یونیفارم لانے سے حکومت پر یونیفارم کی مد میں کروڑوں روپے ضائع کرنے کا الزام بھی عائد کیا جا سکتا ہے، اسی لیے نئی یونیفارم میں ہی تبدیلیاں لانے پر غور کیا جا رہا ہے اس بارے میں وزیر اعلی چند روز میں حتمی فیصلہ کریں گے کہ یونیفارم میں تبدیلیاں لائی جائیں یا پرانی یونیفارم کو بحال کیا جائے۔