لاہور/اسلام آباد(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے ملک کے سیاسی حالات، موجودہ داخلی و خارجی صورتحال اور پانامہ کیس کے تناظر میں نوازشریف کے فوری استعفیٰ کیلئے قومی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور مختلف مسلم لیگی دھڑوں کے قائدین سے رابطوں کا آغاز کر دیا ہے۔
چودھری شجاعت حسین نے ہفتہ کو ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار، مسلم لیگ فنکشنل کے صدر پیر صاحب پگاڑا صبغت اللہ راشدی اور پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال سے ٹیلیفون پر الگ الگ گفتگو کی جس میں ملک کو درپیش صورتحال، نوازشریف سے استعفیٰ کے مطالبہ اور تمام اپوزیشن جماعتوں کے متفقہ لائحہ عمل پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ چودھری شجاعت حسین اور پیر پگاڑا میں مشاورت کیلئے ملاقات پر اتفاق ہو گیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین اور سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی وزیراعظم نوازشریف سے استعفیٰ کا مسلسل مطالبہ کر رہے ہیں۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ ملک و قوم کے مفاد میں تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کا یہ فرض ہے کہ وہ پانامہ کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلہ اور فاضل عدالت کے حکم پر قائم کردہ جے آئی ٹی کی رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد نوازشریف پر استعفیٰ کیلئے زور دیں اور ملک کو درپیش بحران سے نمٹنے کیلئے باہمی اختلافات کو پس پشت ڈال کر متحد ہو جائیں۔ وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے پانامہ کیس کے تناظر میں نوازشریف کے فوری استعفیٰ کیلئے قومی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور مختلف مسلم لیگی دھڑوں کے قائدین سے رابطوں کا آغاز کر دیا ہے