اسلام آباد (آئی این پی) پانامہ کیس کی تحقیقات کے لئے قائم مشترکہ تحقیقاتی ٹیم(جے آئی ٹی ) کی رپورٹ میں امریکہ ، برطانیہ ، یورپی اور مشرق وسطیٰ کے ممالک کی خصوصی دلچسپی ،پاکستان میں موجود کئی سفارتخانوں نے رپورٹ کی کاپیاں حاصل کر لیں ،مجموعی طور پر10جلدوں اور ہزاروں صفحات پرمشتمل رپورٹ اوپن مارکیٹ میں ہاتھوں ہاتھ فروخت ہو رہی ہے اس کی ایک جلد کی قیمت 5 سو روپے ہے ۔
منگل کو ذرائع کے مطابق پانامہ کیس میں جے آئی ٹی کی طرف سے مرتب کردہ تحقیقاتی رپورٹ میں امریکہ ، برطانیہ ، یورپی ممالک ، سعودی عرب ، قطر اور یو اے ای سمیت کئی ممالک کے سفارتخانوں نے خصوصی دلچسپی لی ہے اور مذکورہ ممالک کے سفارتخانوں نے تحقیقاتی رپورٹ کی کاپیاں اوپن مارکیٹ سے خریدی ہیں جو اس کا مطالعہ کرینگے اور بعض سفارتخانے یہ رپورٹ اپنے ممالک کو بھجوائیں گے ۔ مجموعی طور پر10جلدوں اور ہزاروں صفحات پرمشتمل جے آئی ٹی کی رپورٹ کی فوٹو سٹیٹ کاپیاں اوپن مارکیٹ میں ہاتھوں ہاتھ فروخت ہو رہی ہے جس کی ایک جلد کی قیمت کم ازکم 5 سو روپے ہے ۔ ذرائع کا کہناہے کہ پاکستان کی تاریخ میں شاید اکا دکا مرتبہ ہے کہ کوئی تحقیقاتی رپورٹ منظر عام پر آئی ہوورنہ اس سے قبل کئی بڑے بڑے واقعات اور کیسز کی تحقیقات تو کی گئیں مگر ان کی رپورٹس کو منظر عام پر نہ لایا گیا ۔ اس لئے ہر طبقہ اس رپورٹ کے حصول ،اسے پڑھنے اور اس میں سامنے آنے والے انکشافات کے بارے میں جاننا چاہ رہے ہیں ، ذرائع کا کہناہے کہ اس رپورٹ نے اپنی مقبولیت کی حدوں کو چھولیا ہے اور ایسے فروخت ہورہی ہے کہ جیسے یہ کسی مشہور ومعروف کی لکھی ہوئی کتاب یا افسانہ ہو۔