اسلام آباد (آئی این پی ) محکمہ موسمیات نے عیدالفطرکے موقع پر بارشوں کی نوید سنادی ،ملک میں پیر سے مون سون بارشوں کا آغاز ہوجائے گا ،راولپنڈی اسلام آباد سمیت ملک کے بالائی علاقوں پنجاب ،خیبرپختونخوا،فاٹا ،جی بی اور گلگت بلتستان میں موسلادھار بارشوں کا امکان ہے ۔جمعہ کو ترجمان محکمہ موسمیات کی طرف سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ مون سون بارشوں کا سسٹم وسطی بھارت کے کچھ حصوں میں موجود ہے جو پاکستان کی طرف بڑھ رہا ہے
جس کی وجہ سے پیر اور منگل سے پاکستان میں مون سون بارشوں کا آغاز ہوجائے گا اور ملک کے مختلف مقامات پرگرج چمک کے ساتھ اچھی بارشوں کاا مکان ہے ۔پیر سے جمعہ کے دوران پنجاب ،اسلام آبا د،خیبر پختونخوا،فاٹا،گلگت بلتستان اور کشمیر میں مختلف مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ سے ہفتہ کے دوران زیرین سندھ اور مشرقی بلوچستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے