اسلام آباد (نیوز ڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے آئندہ سال ہونے والے الیکشن تک شادی نہ کرنے کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے اپنے خیال کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں شیخ رشید کو تحریک انصاف میں شمولیت کی دعوت دوں گا۔ نجی ٹی وی کے مطابق صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ شیخ رشید کو تحریک انصاف میں شمولیت کی دعوت دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
شیخ رشید کو جلد تحریک انصاف میں شمولیت کی دعوت دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ شیخ رشید نے مافیا کا زبردست مقابلہ کیا۔ عمران خان نے بابر اعوان کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ بابر اعوان بھی کل پی ٹی آئی میں شامل ہو جائیں گے۔ کپتان نے مزید کہا کہ 2013 کے انٹراپارٹی الیکشن سے بہت نقصان ہوا تھا۔ 2013 الیکشن میں جاوید ہاشمی پر الزام تھا کہ انہوں نے ٹکٹ فروخت کئے ہم نے کہا تھا۔ عمران خان نے بتایا کہ عید کے بعد تحریک کا پلان نہیں۔ نظریں جے آئی ٹی پر جمی ہیں۔ جے آئی ٹی کو متنازعہ بنایا گیا تو عید کے بعد تحریک چلائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آرمی چیف نے شفاف الیکشن کرانے کی یقین دہانی کرائی، پولنگ سٹیشن کے اندر اور باہر ایک ایک فوجی ہو گا، آئندہ الیکشن تک شادی نہیں کروں گا۔جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس ہوا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملک کی سیاسی صورت حال اور آئندہ کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔اجلاس میں پاناما کیس اور جے آئی ٹی کی سماعت پر تبادلہ خیال کیا گیا اور جے آئی ٹی کو مبینہ طور پر دی جانے والی دھمکیوں سے پیدا ہونے والی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی کے خلاف زیرسماعت مقدمات کا جائزہ بھی لیا گیا۔