اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کی میڈیا گفتگو کے دوران پی ٹی آئی خواتین کا جھگڑا، روسٹرم حاصل کرنے کی کوشش۔ تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشرییات مریم اورنگزیب کی سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران اس وقت عجیب صورتحال سامنے آئی جب پی ٹی آئی کی خواتین نے ڈائس کے حصول کیلئے جھگڑا شروع کر دیا اور ان سے جگہ چھوڑنے کا مطالبہ کر دیا ۔ پی ٹی آئی کی خاتون رہنما عظمیٰ کاردار کا کہنا تھا کہ
آپ نے بات کر لی اب ہمیں موقع دیں جبکہ مریم اورنگزیب نے ڈائس چھوڑنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگوں کا یہ رویہ ہے۔ یہ تماشا اور بلوا پارٹی ہیں۔ پی ٹی آئی چاہتی ہے کہ ہم ان کی مرضی کی بات کریں اور اگر نہیں کرتے توہمیں ہراساں کیا جاتا ہے۔ اس موقع پر مریم اورنگزیب نے سپریم کورٹ سے پی ٹی آئی خواتین کی جانب سے روا رکھے جانیوالے رویہ کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ تمام قانون اور آئین شریف فیملی کیلئے نہیں ہیںجس کی وہ پاسداری کررہے ہیں۔