لاہور(آئی این پی) محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے چھٹی دینے کا نیا نظام متعارف کروا دیا‘ڈاکٹرز، نرسز اور عملہ سمیت تمام ہیلتھ پروفیشنلز چھ ماہ تک کی رخصت کیلئے درخواست آن لائن دیں گے،22 جون کے بعد ہاتھ سے لکھی چھٹی کی درخواستیں وصول نہیں ہونگی۔تفصیلات کے مطابق محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کی جانب سے چھٹی کیلئے درخواست دینے اور اس کے پراسیس کیلئے نیا نظام متعارف کروا دیا ہے،22 جون کے بعد سے ہیلتھ پروفیشنلز کی ہاتھ سے لکھی ہوئی چھٹی کی درخواست قبول نہیں کی جائے گی،
تمام میڈیکل یونیورسٹیز، کالجز اور ٹیچنگ انسٹی ٹیوشنز کے سربراہان کو ارسال کئے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ چھٹی کیلئے آن لائن پورٹل قائم کر دیا گیا ہے ۔ بیرون ملک رخصت سمیت 6 ماہ تک کی چھٹی کیلئے 22 جون سے صرف آن لائن درخواستیں ہی وصول ہونگی اور صرف آن لائن درخواستوں پر ہی غور ہوگا مراسلے میں کہا گیا ہے کہ چھٹی کی درخواست دینے کیلئے آن لائن نظام متعارف کروانے کا مقصد ڈاکٹرز، نرسز سمیت ہیلتھ پروفیشنلز کو سیکرٹریٹ کے چکر لگانے سے بچانا ہے۔