اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) عید سے پہلے ایک اور خوشخبری، نیپرا نے بجلی 1 روپے 90 پیسے سستی کر دی، صارفین کو جون کے بلوں میں ریلیف ملے گا ، کے الیکٹرک اور لائف لائن صارفین فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے۔تفصیلات کے مطابق نیپرا نے بجلی کی قیمتوں میں 1 روپے 90 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دے دی، نیپراحکام کا کہنا تھا کہ فرنس آئل سے 30 فیصد، ایل این جی سے 8 فیصد، گیس سے 30 فیصد بجلی کی پیداوار رہی، بجلی کی پیداواری لاگت 54 ارب کی رہی، بجلی کی قیمتوں میں کمی سے 19 ارب کا ریلیف عوام کو ملے گا،
ساہیوال اور حویلی بہادر شاہ پلانٹس سے بجلی پیدا ہوئی جس کی ایڈجسٹمنٹ نہیں مانگی گئی۔چیئرمین نیپرا کا کہنا تھا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل اور گیس کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے ریلیف ملا، دوسری طرف اجلاس میں سی پی پی اے حکام کی سرزنش کرتے ہوئے نیپرا چیئرمین نے استفسار کیا کہ مہنگے اور کم صلاحیت والے پلانٹس کو گیس کیوں دی جا رہی ہے، ایل این جی پاور پلانٹس کا کلیم کیوں نہیں مانگا گیا، جنکوز کو گیس دی جا رہی ہے جن کی پیداواری صلاحیت کم ہے، اگر بہتر صلاحیت والے پلانٹس کو گیس دی جاے تو پیداواری لاگت میں کمی آ سکتی ہے۔