اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ڈان لیک معاملہ، رائو تحسین نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں برطرفی اور انضباطی کارروائی چیلنج کر دی۔ تفصیلات کے مطابق ڈان لیک کے اہم کردار وزیراعظم کے سابق انفارمیشن آفیسر رائو تحسین نے برطرفی اور انضباطی کارروائی اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دی ہے۔ رائو تحسین نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپنے وکیل کے ذریعے درخواست دائر کرتے ہوئے اس میں موقف اختیار کیا ہے کہ ڈان لیک معاملہ سے
کوئی تعلق نہیں مجھ پر بلا جواز ملبہ ڈالا گیا جبکہ انکوائری کمیٹی کی رپورٹ دکھائے بغیر انضباطی کارروائی میرے خلاف عمل میں لائی گئی ہے جس سے میرا کیرئیر داغدار ہو گیا ہے۔ رائو تحسین نے موقف اختیار کیا ہے کہ ڈان لیک انکوائری رپورٹ حاصل کرنا میرا حق ہے جو کہ اب تک نہیں ملی۔ وزیراعظم کے سابق پریس انفارمیشن سیکرٹری نے اپنی درخواست میں سیکرٹری اطلاعات، سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری وزیراعظم کو فریق بنایا ہے۔