اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)شریف خاندان کے ساتھ کاروباری تعلقات بارے سپریم کورٹ میں پیش کئے گئے خط پر حرف بہ حرف قائم ہوں، قطری شہزادے حماد بن جاسم نے جے آئی ٹی کو تمام تفصیلات فراہم کرنے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق قطری شہزادہ حماد بن جاسم الثانی کا کہنا ہے کہ پاکستانی شہری نہیں اس لئے پاکستان آکر کسی تحقیقاتی ٹیم یا ادارے کے سامنے پیش ہونے کا پابند نہیں
تاہم سپریم کورٹ میں پیش کئے گئے اپنے خط میں شریف خاندان کے ساتھ اپنے کاروباری تعلقات پر حرف بہ حرف قائم ہوں۔ پاکستان کے ایک مؤقر روزنامے کی رپورٹ کے مطابق قطری شہزادے نے خط کے معاملے کو غیر ذمہ دارانہ طور پر اچھالنے پر گہرے دکھ کا بھی اظہار کیا ہے۔ حماد بن جاسم کا کہنا ہے کہ کہ ہمارا خاندان چھان بین اور تسلی کے بعد ہی کسی سے کاروباری تعلقات استوار کرتا ہے اور کاروباری اخلاقیات کو مدنظر رکھتے ہوئے کاروبار کی تفصیلات نہیں بتا سکتیں اور اسی اصول کے تحت نواز شریف نے بھی پہلے قومی اسمبلی میں کی گئی اپنی تقریر میں ہمارے خاندان کے ساتھ کاروباری تعلق کا حوالہ نہیں دیا تاہم بعد میں باہمی رضامندی سے نواز شریف کو تفصیلات بتانے کی اجازت دے دی گئی تھی۔ قطری شہزادے کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان نواز شریف کے والد میاں شریف کی کاروباری شہرت اچھی تھی اور ان کی کاروباری ذہانت کے چرچے تھے اور اسی وجہ سے ہمارے خاندان الثانی نے ان کے ساتھ کاروباری شراکت داری قائم کی۔ واضح رہے کہ قطری شہزادے حماد بن جاسم کی جانب سے پاکستان آکر جے آئی ٹی کو بیان ریکارڈ کروانے سے معذرت کر لینے کے بعد پانامہ جے آئی ٹی کے قطری شہزادے کا بیان ریکارڈ کرنے قطر جانے کے امکانات ہیں اور اس سلسلے میں سپریم کورٹ کے احکامات کا انتظار کیا جا رہاہے۔