اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) جے آئی ٹی کے سامنے وزیراعظم نواز شریف کی پیشی فخر نہیں بلکہ شرم کی بات ہے، تاثر دیا جا رہاہے کہ ایک کرنل نے وزیراعظم ہائوس فوج کر کے نواز شریف کو جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کا کہا، ن لیگ کی جانب سے جے آئی ٹی میں شامل آئی ایس آئی اور ایم آئی کے نمائندہ افسران پر اعتراض اٹھایا جا رہا ہے،
سینئر تجزیہ نگار عامر متین کی نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے صحافی و سینئر تجزیہ نگار عامر متین کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی جے آئی ٹی کے سامنے پیشی فخر کی نہیں بلکہ شرم کی بات ہے۔ دیگر ممالک میں وزرائے اعظم تفتیشی اداروں کے سامنے الزامات لگنے پر پیش ہونے کی صورت میں پہلے ہی مستعفی ہو جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے پاکستان میں وزرائے اعظم کو گھر بھی بھیجا اور پھانسی بھی لگوائی اور نواز شریف کی جے آئی ٹی میں پیشی سے تاریخ رقم ہونے جا رہی ہے۔عامر متین کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے آرٹیکل 190کے تحت جے آئی ٹی کو با اختیار بنایا ہوا ہے جس کے تحت تمام سو اور ملٹری ادارے جے آئی ٹی کے سامنے جوابدہ ہیں اگر وزیراعظم جے آئی ٹی کے سامنے پیش نہ ہوئے تو جے آئی ٹی انہیں بلوانے کیلئے کسی کرنل کو بھی بھیج سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ ایک کرنل نے وزیراعظم ہائوس فون کر کے نواز شریف کو جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کا کہا ہے جبکہ ن لیگ جے آئی ٹی میں شامل آئی ایس آئی اور ایم آئی کے نمائندہ افسران پر اعتراض اٹھا رہی ہے۔