لاہور(آئی این پی) پیپلز پارٹی کے رہنما اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ نواز شریف ڈرامہ کرنے کیلئے جے آئی ٹی میں پیش ہو رہے ہیں،بند کمرے میں تحقیقات کا مقصد شریف خاندان کوفائدہ پہنچانا ہے‘انتخابات قریب آنے پر اپوزیشن جماعتوں سے اتحاد کے امکانات بھی کھل جاتے ہیں مگر ابھی تک ہم نے اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا بلکہ وقت آنے پر حالات دیکھ کر فیصلے کیے جائیں گے ۔
پیر کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری اعتزاز احسن نے کہا کہ حکمران جے آئی ٹی کو متنازعہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ جے آئی ٹی کی تحقیقات کیمروں کے سامنے ہونی چاہیے اور یہ معاملہ تو ایسا ہے کہ تین گھنٹوں میں حل ہو سکتا ہے‘ بند کمرے میں تحقیقات کا مقصد شریف خاندان کو فائدہ پہنچانا ہے ۔ہمارا مطالبہ ہے کہ جے آئی ٹی کی جو بھی تحقیقات ہوں انہیں پبلک کیا جائے شریف خاندان سے کیمروں کے سامنے تحقیقات ہونی چاہیے بلکہ اس میں عوام کی طرف سے بھی سوال و جواب ہونے چاہئیں ۔شریف خاندان کے پاس اتنی دولت جمع کرنے کا کوئی جواب نہیں اس لئے بوکھلا ئے ہوئے ہیں ۔ لاہور میں 250ایکڑ اراضی ، لندن میں مہنگی جائیدادیں کہاں سے آ گئیں، بیٹے کی طرف سے باپ کو 88کروڑ روپے کے تحفے آتے ہیں ۔ اب انہیں سمجھ نہیں آرہی کہ اتنی دولت کا کس طرح جواب دینا ہے ۔ نواز شریف ڈرامہ کرنے کے لئے جے آئی ٹی میں پیش ہو رہے ہیں۔ یہ سن سن کر کان پک گئے ہیں کہ شریف خاندان سے تین پشتوں کا حساب لیا جارہا ہے حالانکہ انہوں نے تو ایک کاغذ بھی نہیں دیا ۔ جس دور میں لندن کے فلیٹس خریدے گئے اس دور میں نواز شریف کی طرف سے 447روپے ٹیکس دیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ کے حوالے سے کہا کہ یہ مسلم لیگ (ن) کی مذموم ساز ش ہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں ۔
ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے اس شخص کو پاس جاری کیا پھر اس نے موقع مقام ڈھونڈ ا جہاں میڈیا موجود ہوتا ہے اصل میں حکمران خاندان سے سے جو جوابات مانگے جارہے ہیں وہ اس سے بوکھلا گئے ہیں اور اسی تناظر میں یہ سازش کی گئی ۔