کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی (ایس ای سی ایم سی) نے تھر انرجی لمیٹڈ (ٹی ای ایل) اور تھل نووا سے کوئلے کی فراہمی کے 2 الگ، الگ معاہدے کر لیے۔کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ دونوں کمپنیوں کو 19 لاکھ ٹن سالانہ فی کمپنی کوئلہ فراہم کیا جائے گا۔بیان کے مطابق تھر انرجی لمیٹڈ اور تھل نووا، تھر کول بلاک ٹو میں 330 میگاواٹ کے دو پاور پلانٹس لگانا چاہتی ہیں جو تھر کے کوئلے پر سو فیصد چلنے کی مکمل صلاحیت رکھیں گے،
جبکہ دونوں پلانٹس سے 2020 کے اوائل میں بجلی حاصل ہونا شروع ہوگی۔ان دونوں منصوبوں کی کمیشننگ کے بعد ایس ای سی ایم سی تھر بلاک ٹو سے 76 لاکھ ٹن سالانہ کوئلے کی مائننگ کرے گی، جس سے کوئلے کے نرخوں میں تقریباً 41 اعشاریہ 35 امریکی ڈالر فی ٹن کمی واقع ہوگی جو امریکی ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کے حساب سے درآمدی کوئلے کے برابر ہے۔کوئلے کی فراہمی کے معاہدے پر سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) شمس الدین شیخ، حَبکو اور تھر انرجی لمیٹڈ کے سی ای او خالد منصور، تھل نووا کے سی ای او خالد سراج سبحانی اور سی او او رانا ذوالفقار نے دستخط کیے۔