اسلام آباد (نیوز ڈ یسک) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کے لیے ایک نئی سہولت متعارف کراتے ہوئے سندھ میں گاڑیوں کی خرید و فروخت کے عمل کو مزید آسان بنا دیا ہے، جس کے تحت بائیو میٹرک تصدیق اب پہلے سے کہیں زیادہ سہل ہو گئی ہے۔نادرا کی جانب سے جاری کیے گئے عوامی نوٹس میں بتایا گیا ہے کہ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو غیر ضروری طور پر دفاتر کے چکر لگانے سے بچانا اور سرکاری خدمات کو ڈیجیٹل نظام کے ذریعے زیادہ شفاف اور مؤثر بنانا ہے۔
ماضی میں گاڑی کی خرید و فروخت کے لیے شہریوں کو نادرا رجسٹریشن سینٹرز یا متعلقہ دفاتر جانا پڑتا تھا، جہاں طویل انتظار اور رش کا سامنا کرنا پڑتا تھا، تاہم اب یہ عمل موبائل فون کے ذریعے مکمل کیا جا سکے گا۔نادرا کے مطابق پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے بائیو میٹرک تصدیق مکمل ہونے کے بعد ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے متعلقہ محکموں میں گاڑی کی منتقلی کا عمل باآسانی انجام دیا جا سکے گا۔ اس سہولت سے نہ صرف وقت اور محنت کی بچت ہوگی بلکہ جعلسازی اور غیر قانونی لین دین کے امکانات میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔نادرا نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ گوگل پلے اسٹور یا ایپل ایپ اسٹور سے پاک آئی ڈی موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کریں اور درست معلومات کے ساتھ اپنا اکاؤنٹ مکمل کریں۔
بائیو میٹرک تصدیق کے دوران بہتر نتائج کے لیے صاف اور مناسب روشنی والی جگہ پر بیٹھ کر عمل مکمل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔مزید معلومات اور رہنمائی کے لیے نادرا کی سرکاری ویب سائٹ پر تفصیلات دستیاب ہیں، جبکہ کسی بھی قسم کی مدد یا شکایت کی صورت میں شہری نادرا ہیلپ لائن 1777 سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ نادرا حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ مرحلے میں اس سہولت کو دیگر صوبوں تک وسعت دینے پر بھی غور کیا جا رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری ڈیجیٹل خدمات سے فائدہ اٹھا سکیں۔حکام کے مطابق یہ اقدام ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کی تکمیل کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔















































