اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) محکمہ موسمیات نے رواں ماہ اور رمضان کے دوران ہر سات سے 10روز کے بعد بارشیں ہونے کی نوید سنادی۔ رواں ماہ کے دوران اگرچہ گرمی کی شدت میں اضافہ ہونے کا امکان ہے تاہم اس دورانیے میں ہر سات سے 10 روز کی مسلسل گرمی کے بعد بارشیں ہوں گی جس کے باعث گرمی کا زور ٹوٹ جائے گا۔
رواں ماہ کے دوران بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور شمالی علاقہ جات سے متصل پنجاب کے علاقوں میں معمول سے زیادہ بارشیں ہونے کا امکان ہے۔ یہ بارشیں شہری آبادی میں رہنے والوں کیلئے سکون اور اطمینان کا باعث بنیں گی تاہم فیصلوں کیلئے یہ بارشیں نقصان دہ ثابت ہوں گی، اس دوران ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ ملک کے مختلف مقامات پر تیز آندھی، طوفان اور گرد آلود ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔