اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی(پیمرا) نے کالعد م تحریک طالبان پاکستان کے سابق ترجمان احسان اللہ احسان کے انٹرویو نشر کرنے پر پابندی لگا دی ۔جمعرات کوترجمان پیمرا کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جیسا کہ تحریک طالبان پاکستان جو کہ ایک دہشت گرد تنظیم ہے اوراحسان اللہ احسان اس دہشت گرد تنظیم کا ترجمان رہا ہے اور اس شخص نے تنظیم کے رکن کے طورپر ہزاروں پاکستانیوں
کو شہید کرنے کاگھناؤنا اعتراف کیا ہے ۔ ایسے شخص کاکسی بھی چینل کے پلیٹ فارم پر انٹرویو کرنا اُس کودکھانااُن ہزاروں فوجیوں، سویلین اورشہید بچوں کے والدین، رشتہ داروں ، دوستوں اور کروڑوں پاکستانیوں کیلئے ایک انتہائی تکلیف دہ عمل ہے۔ ۔جیونیوز کی گزشتہ روز کی نشریات کی مانیٹرنگ کے دوران یہ دیکھنے میں آیا ہے کہ اسکے پروگرام کا پرومو نشر کیا جا رہا ہے جس کے تحت دہشت گردتنظیم تحریک طالبان پاکستان کے سابق ترجمان دہشت گرد احسان اللہ احسان کا انٹر ویو 27اپریل کو نشر کیے جانے کا عندیہ دیا جا رہا ہے جو کہ پیمرا کی جانب سے نیشنل ایکشن پلان کے تحت جاری کردہ ہدایات اور سپریم کورٹ آف پاکستان کے منظور کردہ ضابطۂ اخلاق برائے الیکٹرانک میڈیا کی شق3(3)کی بھی صریحاََ خلاف ورزی ہے جس کے تحت’’ کسی کالعدم تنظیم، اس کے نمائندوں یا ارکان کے بیانات نشر نہیں کیے جائیں سوائے اس کے کہ یہ بیانات اپنے نظریہ کے انکشاف، مذہب کے غلط استعمال اور ظلم و سفاکی کے اعتراف پر مبنی اور عوامی مفاد میں ہوں اور کسی بھی صورت میں ان کے لئے فائدہ مند نہ ہوں اور ہیرو نہ بنایا جائے۔‘‘ ضابطۂ اخلاق کی مندرجہ بالا شق کے تحت دہشت گرد کا تحقیقاتی اداروں کو دیا گیا اعترانی بیان پہلے ہی تمام ٹی وی چینلز پر چل چکا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جیو نیوز پر ’’جرگہ‘‘ کے اس پرومو کے نشر ہونے پرپیمرا کو
صرف ایک دن میں اس کے ٹوٹیراکاؤنٹ، کال سنٹر، ای میل،فیس بک، sms، WhatsAppاور موبائل فون پرمتعد د شکایات موصول ہوئی ہیں جن کا سلسلہ جاری ہے۔ شکایت کنندگان نے جیو نیوز کے مذکورہ پروگرام کے پرومو کے نشر ہونے پر سخت غم و غصے کا اظہار کیا ہے اور استدعا کی ہے کہ مذکورہ پروگرام کو نشر کرنے سے روکا جائے اوردہشت گرد احسان اللہ احسان کے کسی بھی چینل پر نمودار ہونے ، انٹر ویو دینے اور
اپنے گھناؤنے اقدامات کی توجیحات پیش کرنے سے روکا جائے۔ ۔صورتحال کو مزید خرابی سے بچانے کے لیے ،کروڑوں پاکستانی ناظرین کی دل آزاری اورموصول شدہ شکایات کے پیشِ نظر، پیمرا آرڈیننس 2002 کے سیکشن 27 کے تحت جیو نیوز کے مذکورہ بالا پروگرام جو کہ رات دس بجے نشر ہونا ہے، اس کے پرومو پر اوردہشت گردوں کے ترجمان احسان اللہ احسان کے کسی بھی ٹی وی چینل پربطور مہمان نمودار ہونے پر فوری
طور پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ تاہم نیشنل ایکشن پلان کے تحت جاری کردہ ہدایات اورالیکٹرانک میڈیا ضابطۂ اخلاق کی شق 3(3)کے مطابق دہشت گرد احسان اللہ احسان کے پہلے سے جاری کردہ سیکورٹی اداروں کودیئے گئے اعترافی بیان کے صرف اُن حصوں کو دکھایا جا سکتا ہے جن میں مذہب کے غلط استعمال، ظلم و سفاکی اور غیر ملکی ایجنسیوں کے ساتھ تعلقات کا اعتراف ہو۔ ۔فیصلے پر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں ٹی وی
چینلز کے خلاف پیمرا آرڈیننس 2002،پیمراترمیمی ایکٹ 2007 کے سیکشن 29اور30کے تحت کاروائی کا آغاز کر دیا جائے گا۔