اسلاآباد(این این آئی)آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف نے کہاہے کہ بھارت کلبھوشن کے معاملے پر اپنے عوام سے جھوٹ بولنا بند کرے ٗکارگل میں شکست کو نئی دہلی یاد رکھے۔بھارتی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے پرویز مشرف نے کہا کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن جادیو اور کرنل حبیب ظاہر(ریٹائرڈ) کا معاملہ الگ الگ ہے۔ کلبھوشن نے بلوچستان اور کراچی میں دہشت گردی کی درجنوں
کارروائیوں کا اعتراف کیا ہے جبکہ حبیب ظاہر اپنے کسی کام کے سلسلے میں نیپال گئے ٗدونوں چیزوں میں بہت فرق ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت ہر معاملے میں اپنے عوام سے جھوٹ بولتی ہے ٗبھارت جھوٹ بولنا بند کرے، اسی رویئے کی وجہ سے دونوں ملکوں کے عوام میں دوری پیدا ہورہی ہے۔سابق صدر نے کہاکہ بھارتی رویہ دھمکی آمیز ہے،بھارت کو کارگل جنگ کو یاد رکھنا چاہیے، کسی بھی قسم کی جارحیت نامناسب اقدام ہوگا، پاک فوج اپنے ملک کا دفاع کرنا خوب جانتی ہے۔پرویز مشرف نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں جوہری طاقتیں ہیں، اس لئے بھارت جنگ کی باتیں نہ کرے۔