اسلام آباد(آئی این پی )پارلیمنٹ ہاؤس میں ناقص تعمیر و مرمت پر کئی حصوں میں بارش کا پانی آگیا،کمیٹی روم نمبر چار سمیت بعض حصوں میں بجلی کی تاریں شارٹ ہوگئیں،چھتیں ایک بار پھر ٹپکنے لگی،قالین بھیگ گئے۔تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس میں تعمیر و مرمت کے کاموں میں کرپشن کی قلعی ایک بار پھر کھل گئی بارش سے چھتیں ٹپکنے لگی قالین بھیگ گئے،سینیٹ سیکرٹریٹ میں کمیٹی روم نمبر چار میں بدھ کو قائمہ
کمیٹیوں کے اجلاس کے انتظامات دھرے کے دھرے رہ گئے۔اجلاس نہ ہوسکے اور کمیٹی اراکین اور سرکاری حکام صورتحال دیکھ کر واپس چلے گئے،بارش کا پانی آنے سے بعض حصوں میں بجلی کے نظام میں خرابی پیدا ہوگئی،کمیٹی روم کا ساؤنڈ سسٹم خاموش ہوگیا تھا اور اے سی نہ چل سکا تھا،قائمہ کمیٹی برائے منصوبہ بندی و ترقی کا اجلاس ملتوی کردیا گیا دیگر اجلاس بھی اس کمیٹی روم میں نہ ہوسکے