اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) یوم پاکستان پر پنجاب پولیس کا مینار پاکستان پر بیـٹے کے سامنے باپ پر تشدد، گریبان سے پکڑ کر کھینچتے رہے، بیٹا پولیس کی منتیں کرتا رہ گیا۔ تفصیلات کے مطابق یوم پاکستان کے موقع پر لاہور کے شہری اپنے بچوں اور دیگر اہل خانہ کے
ساتھ مینار پاکستان کی سیر کیلئے کافی بڑی تعداد میں آئے۔ اس دوران ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں پنجاب پولیس نے ایک شخص کو اس کے کم عمر بیـٹے کے سامنے تشدد کا نشانہ بنایا اور گریبان سے پکڑ کر کھینچ کر لے گئے اس دوران کم عمر بیٹا پولیس اہلکاروں کی منتیں کرتے ہوئے کہتا رہا کہ ’’میرے بابا کو چھوڑ دیں، انکل پلیز میرے بابا کو چھوڑ دیں‘‘مگر بچے کی منتوں کا بھی پولیس اہلکاروں پر کوئی اثر نہ ہوا اور انہوں نے شہری پر تشدد جاری رکھا۔نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے ترجمان پنجاب حکومت ملک احمد خان نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ کا نوٹس لے لیا گیا ہے ، پولیس اہلکاروں نے لائن توڑنے پر اس شخص کو گرفتار کیا تاہم پولیس کا شہریوں کے ساتھ ایسا رویہ کسی صورت قبول نہیں واقعہ کی تحقیقات ہو رہی ہیں ، ہم پولیس اہلکاروں کو صفائی اور وضاحت کا ایک موقع دیںگے اور انکوائری کے بعد قصور ثابت ہونے پر کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔