اسلام آباد (آئی این پی) آل پاکستان مسلم لیگ کے ترجمان اور سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے سابق صدر، سابق آرمی چیف اور آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین سید پرویز مشرف کے حوالے سے پھیلی خبروں کہ ’’سابق صدر بطور اینکر ایک مخصوص ٹی وی چینل سے منسلک ہو گئے ہیں‘‘ کی سختی سے تردید کی ہے. انہوں نے کہا کہ جنرل (ر ) پرویز مشرف کسی بھی وقت کسی بھی ٹی وی چینل پر قومی و بین الاقوامی امور پر تجزیہ نگار کے طور پر اپنی ماہرانہ رائے اور خیالات کا اظہار کرسکتے ہیں.
ترجمان کے مطابق سابق صدر ایک بین الاقوامی شہرت یافتہ شخصیت ہیں جو مقامی اور بین الاقوامی میڈیا پر ملکی و قومی مفادات کا دفاع کرتے ہیں اور ہمیشہ پاکستان سے متعلق موضوعات پر مختلف ٹی وی چینلز کو انٹرویو دیتے ہیں. لہذا اس غلط فہمی کا فوری طور پر ازالہ کیا جائے کہ پرویز مشرف کسی بھی طرح سے کسی مخصوص ٹی وی چینل سے منسلک ہو گئے ہیں. پرویز مشرف حسب سابق پاکستان کا تشخص اجاگر کرنے کے لئے رابطہ کرنے والے ٹی وی چینلز کو انٹرویوز دیتے رہیں گے۔