اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان اور افغانستان کے درمیان دفاعی معاہدے کی کوششیں دوبارہ شروع۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کے معروف جریدے نے اپنی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ پاک افغان دفاعی معاہدے کیلئے کوششیں دوبارہ شروع کر دی گئی ہیں امریکہ بھی دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بحال کرانے کیلئے سرگرم عمل ہے۔
اس حوالے سے افغان صدر کے سیاسی مشیر قطب الدین بلال بھی ان دنوں اسلام آباد میں موجود ہیں اور انہوں نے پاکستانی دارالحکومت میں اہم ملاقاتیں بھی کی ہیں۔ توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ دونوں ممالک جلد ہی انٹیلی جنس شیئرنگ ، افغان فوج کی تربیت اور باہمی سکیورٹی معاملات پر معاہدہ طے کر لیں گے۔ واضح رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان اس سے قبل بھی اس معاہدے کیلئے مذاکرات جاری تھے کہ قندھار میں بم دھماکہ ہوگیااور اس کا الزام افغانستان نے پاکستان پر لگاتے ہوئے مذاکرات ملتوی کر دئیے تھے۔ یاد رہے کہ پاکستان میں ہونے والی حالیہ دہشتگردی کے بعد پاک فوج نے افغانستان میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر شیلنگ کرتے ہوئے کئی دہشتگردوں کو واصل جہنم کیا ہے جس کے بعد افغانستان نے اسے اپنی خودمختاری اور سالمیت کی خلاف قرار دیتے ہوئے سرحد پر فوج اور توپخانہ بھی پہنچا دیا ہے اس صورتحال میں امریکہ نے بھی دونوں ممالک کے درمیان پیدا ہونے والی انتہائی کشیدہ صورتحال کو معمول پر لانے اور دفاعی معاہدے کیلئے کوششیں تیز کر دی ہیں۔