اسلام آباد(این این آئی)وفاقی حکومت نے دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے 1.4 ارب روپے کے فنڈز جاری کردیے۔سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کے مطابق وزیرمملکت برائے داخلہ بلیغ الرحمٰن نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ اور نارکوٹکس کنٹرول کو بتایا کہ حکومت نے نیشنل کاؤنٹر ٹیرارزم اتھارٹی (نیکٹا) کے لیے 1.4 ارب روپے جاری کردیے ہیں۔انہوں نے دعویٰ
کیا کہ دہشت گردی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے نیکٹا کو مضبوط بنانے کے حوالے سے سنجیدہ اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے نیکٹا کے لیے مختص 1.8 ارب روپے میں سے 1.4 ارب روپے جاری کردیے ہیں جبکہ نیکٹا کے استعمال کے لیے دو عمارتیں بھی فراہم کردی گئی ہیں۔اجلاس میں ملک بھر میں دہشت گردی سے نمٹنے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو بھی سراہا گیا۔انہوں نے بتایا کہ پوری قوم افغانستان میں جماعت الاحرار کی پناہ گاہوں کو تباہ کرنے کی مسلح افواج کی کوششوں کی حمایت کرتی ہے۔اجلاس میں غیر ملکیوں کو ویزا جاری کرنے کے طریقہ کار پر بھی غور کیا گیا اور وزارت داخلہ کو ہدایت دی گئی کہ وہ پاکستان داخل ہونے والے اور مقیم غیر ملکیوں کا مکمل ریکارڈ مرتب کریں۔اجلاس میں بلوچستان کے مختلف اضلاع میں شناختی کارڈ کے حصول میں پیش آنے والی مشکلات کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔