اسلام آباد(مانیـٹرنگ ڈیسک) راولپنڈی ریلوے اسٹیشن کو بارودی مواد سے اڑانے کی اطلاع کے بعد سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی۔تفصیلات کے مطابق حساس اداروں کی جانب سےراولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر تخریب کاری کی اطلاعات ملنے پر ریلوے اسٹیشن کی سکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے ۔ ایس پی ریلوے شاہد شیخ نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ حساس اداروں نے اطلاع دی ہے کہ
راولپنڈی ریلوے اسٹیشن کو دہشتگرد بارودی مواد سے بھری گاڑی کے ذریعے نشانہ بنا سکتے ہیں جس کے بعد ممکنہ دہشت گردی کے پیش نظر ریلوے اسٹیشن میں تمام گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کا داخلہ بند کردیا گیا ہے۔ ریلوے اسٹیشن کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر کمانڈوز کو تعینات کر دیا گیا ہے ۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ سکیورٹی انتظامات کے باعث مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہےحکام نے اپیل عوام سے پولیس اور ریلوے انتظامیہ کیساتھ تعاون کی اپیل کی ہے ۔