لاہور (این این آئی )سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد نے کہا ہے کہ اگر مردم شماری میں تاخیر ہوئی تو انتخابات موجودہ حلقہ بندیوں کے مطابق ہی ہوں گے ، شفافیت کو زیادہ سے زیادہ یقینی بنانے کے لئے2018 ء کے عام انتخابات میں ریکارڈ سول انتظامیہ کی بجائے الیکشن کمیشن اپنے پاس رکھے گا۔ ان خیالات کا اظہا رانہو ں نے لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز میں گریڈ 19و بالا افسران کے سینئر لیڈرشپ
ڈویلپمنٹ کورس کی تقریب تقسیم اسناد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے کیا ۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے افسران کو غیر جانبدار رہنے کا پا بند کر دیا ہے اور اس کے ساتھ سیاسی جماعتوں کو بھی ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کیلئے تیار کریں گے۔ انہو ں نے کہا کہ پو لنگ عملے کی تربیت اسی سال شروع ہو جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ 2018ء کے عام انتخابات کے آغاز سے قبل مردم شماری مکمل ہو کر الیکشن کمیشن کوفہرستیں مل جائیں گی ، اگر مردم شماری میں تاخیر ہوئی تو انتخابات موجودہ حلقہ بندیوں پر ہی ہو ں گے۔انہو ں نے کہا کہ الیکشن کمیشن افسران کی تنخواہیں و مراعات دیگر سرکاری افسران کے برابر ہونی چاہئیں ۔