لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) دہشت گردی کے خدشہ سے متعلق نیکٹا نے 7 فروری کو محکمہ داخلہ پنجاب کو آگاہ کر دیا تھا، پیشگی انٹیلی جنس اطلاع کے باوجود ایسی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ٹھوس اقدامات نہ کیے جاسکے۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق لاہور میں ممکنہ دہشت گرد واقعہ کے بارے میں نیشنل کائونٹرار ٹیرر ازم اتھارٹی نے 7 فروری کو بذریعہ مراسلہ محکمہ داخلہ پنجاب سمیت متعلقہ اداروں کو آگاہ کر دیا تھا۔مراسلے میں
کہا گیا تھا کہ نامعلوم دہشت گرد گروہ لاہور میں کارروائی کرسکتے ہیں۔ مراسلہ میں واضح کیا گیا تھا کہ سرکاری اہم عمارتوں، اسپتالوں اور اسکولوں کی سخت سکیورٹی کے ساتھ ساتھ دیگر اہم مقامات کی کڑی نگرانی کی جائے۔ذرائع کے مطابق پیشگی اطلاع کے باوجود قانون نافذ کرنے والے اور خفیہ اداروں کی جانب سے بروقت اقدامات نہ کیے جانا ان کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ثبت کرتا ہے۔