پیرس /اسلام آبا د(آئی این پی)پاکستان کے مختلف شہروں سے اچانک لاپتہ ہو جانے کے کئی ہفتے بعدخو د ہی واپس لوٹنے والے 5 مقامی بلاگرز میں سے 2 اپنی سلامتی کو لاحق خطرات کی وجہ سے بیرون ملک چلے گئے۔فرانسیسی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے مختلف شہروں سے اچانک لاپتہ ہو جانے کے کئی ہفتے بعد واپس لوٹنے والے 5 مقامی بلاگرز میں سے 2 اپنی سلامتی کو لاحق خطرات کی وجہ سے بیرون ملک چلے گئے ہیں۔
اس امر کی ان دو بلاگرز کے رشتے داروں نے تصدیق کر دی ہے۔ ان بلاگرز کے لاپتہ ہو جانے کے بعد ان کی بازیابی کے لیے سوشل میڈیا پر چلائی جانے والی بھرپور مہم کے دوران ان کے ناقدین کی طرف سے بھی ایک جوابی مہم چلائی گئی تھی، جس میں انہیں توہین مذہب کا مرتکب قرار دیتے ہوئے ان کے لیے سخت سزاں کے مطالبے کیے گئے تھے۔ یہ بات تاحال غیر واضح ہے کہ ان بلاگرز کو کس نے اغوا کیا تھا یا انہیں اتنے دنوں تک کہاں رکھا گیا تھا۔ واپس لوٹنے والے جن دو بلاگرز کی بیرون ملک روانگی کی ان کے اہل خانہ نے تصدیق کر دی ہے، وہ وقاص گورایہ اور عاصم سعید ہیں۔