کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) نجی ٹی وی چینل ’’ڈان نیوز‘‘ کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر سیاستدان و سابق وفاقی وزیر نبیل گبول نے پیش گوئی کی ہے کہ پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے سربراہ مصطفیٰ کمال کراچی کی سیاست پر گرفت مضبوط کرنے کی کوششیں کررہے ہیں۔ نبیل گبول نے انکشاف کیا کہ انتخابات 2018 میں پی ایس پی، متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان میں ضم
ہوجائے گی۔اگلے انتخابات میں ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار اور مصطفیٰ کمال کو ایک ہونا پڑے گا، کیونکہ اگر انھوں نے الگ الگ انتخاب لڑا تو اس کا فائدہ کسی تیسری جماعت کو ہوسکتا ہے۔انھوں نے کہا ‘مجھے لگتا ہے کہ مصطفیٰ کمال کی جماعت متحدہ میں ضم ہوجائے گی اور یوں ایم کیو ایم کو اپنے نام میں شاید کچھ تبدیلی کرنا پڑے۔ اس سلسلے میں دبئی میں کچھ ملاقاتیں بھی ہوئی ہیں اور آئندہ ماہ فروری میں مزید ملاقاتیں بھی ہوں گی، جبکہ مصطفیٰ کمال اور فاروق ستار کو ایک کرنے میں سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف اہم کردار ادا کرسکتے ہیں جس کا فائدہ کراچی کے عوام کو ہوگا۔نبیل گبول نے کہا کہ موجودہ حالات میں الطاف حسین کا باب بند ہوچکا ہے، کراچی کے ووٹرز 2 حصوں میں تقسیم ہیں اور اسی وجہ کو بنیاد بنا کر دونوں جماعتوں کو ایک ہونا پڑے گا۔