اسلام آباد(آئی این پی)حکومت پاکستان نے ایم کیو ایم برطانیہ کے سربراہ الطاف حسین کیخلاف جاری منی لانڈرنگ کے مقدمات ختم کرنے کے فیصلے پر تشویش کا اظہار اور اس پر نظر ثانی کا مطالبہ کرتے ہوئے ان کے خلاف پاکستان میں جاری مختلف مقدمات میں مزید پیش رفت کے لئے برطانیہ میں ملنے والے مزید شواہدبھی مانگ لئے ، اس حوالے سے برطانوی حکومت کو مراسلہ بھیج دیا گیا ۔
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم برطانیہ کے سربراہ الطاف حسین کے معاملے پر حکومت پاکستان نے حکومت برطانیہ کو خط لکھ دیا ہے ۔وزارت داخلہ کی طرف سے بھیجے جانے والے مراسلے میں حکومت برطانیہ کی جانب سے الطاف حسین کے خلاف جاری منی لانڈرنگ کے مقدمات ختم کرنے کے فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق مراسلے میں کہا گیا ہے کہ الطاف حسین کے خلاف پاکستان میں جاری مختلف مقدمات میں مزید پیش رفت کے لیے ضروری ہے کہ برطانیہ میں ملنے والے شواہد کا حکومت پاکستان کے ساتھ تبادلہ کیاجائے ۔مراسلے کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی اور امن عامہ جیسے حساس معاملات کے پیش نظر حکومت پاکستان کی جانب سے مہیا کردہ شواہد کی روشنی میں الطاف حسین کے خلاف منی لانڈرنگ کے مقدمات ختم کرنے کے فیصلے پر نظر ثانی کی جائے۔ حکومت پاکستان نے ایم کیو ایم برطانیہ کے سربراہ الطاف حسین کیخلاف جاری منی لانڈرنگ کے مقدمات ختم کرنے کے فیصلے پر تشویش کا اظہار اور اس پر نظر ثانی کا مطالبہ کرتے ہوئے ان کے خلاف پاکستان میں جاری مختلف مقدمات میں مزید پیش رفت کے لئے برطانیہ میں ملنے والے مزید شواہدبھی مانگ لئے ، اس حوالے سے برطانوی حکومت کو مراسلہ بھیج دیا گیا ۔