پشاور(آئی این پی)عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ خواجہ آصف اور چودھری نثار سے زیادہ عمران خان وزیر اعظم کے خدمت گار ہیں، فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کے لئے اے پی سی بلائی جائے، صوبائی خودمختاری کی بات ہم نے کی، فاٹا کے بارے میں پارٹی کا سٹینڈ واضح ہے، فاٹا کو جلد از جلد صوبے کا حصہ بنایا جائے اور انگریز کی کھینچی لکیر کو ختم کیا جائے، سی پیک سے متعلق جو وعدے نواز شریف نے ہم سے کئے تھے، وہ پورے نہیں ہو رہے،
اسفندیار ولی خان نے کہا کہ میاں صاحب نے پہلے ایک وعدہ کیا تھا وہ وفا نہ ہوا اور میاں صاحب جدہ پہنچ گئے، میاں صاحب! ہم فقیروں سے کیا گیا وعدہ اگر اب پورا نہ ہوا تو جدہ بھی نہیں جگہ ملے گی۔اتوار کو ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اسفندیار ولی خان نے کہا کہ میاں صاحب! جتنی بڑی خدمت عمران خان آپکی کر رہے ہیں، اتنی خدمت خواجہ آصف اور چودھری نثار کبھی نہیں کر سکتے، عمران خان کو تمغہ ضرور دیں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی خودمختاری کی بات ہم نے کی، فاٹا کے بارے میں پارٹی کا سٹینڈ واضح ہے، فاٹا کو جلد از جلد صوبے کا حصہ بنایا جائے اور انگریز کی کھینچی لکیر کو ختم کیا جائے۔ اسفند یار ولی نے کہا کہ فاٹا میں مردم شماری سہی معنوں میں کرائی جائے اور فاٹا کو ایک آئینی پیکج دیا جائے جس میں صوبائی کابینہ میں فاٹا کے وزرا کا کوٹہ رکھا جائے۔ اسفند یار ولی نے مطالبہ کیا کہ فاٹا کو صرف این ایف سی ایوارڈ کے پیسے ہی نہیں بلکہ سپیشل گرانٹ دی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک سے متعلق جو وعدے نواز شریف نے ہم سے کئے تھے، وہ پورے نہیں ہو رہے۔ اسفند یار ولی نے یہ بھی کہا کہ میاں صاحب نے پہلے ایک وعدہ کیا تھا وہ وفا نہ ہوا اور میاں صاحب جدہ پہنچ گئے، میاں صاحب! ہم فقیروں سے کیا گیا وعدہ اگر اب پورا نہ ہوا تو جدہ بھی نہیں جگہ ملے گی۔