ڈیووس ( آن لائن) سابق آرمی چیف راحیل شریف نے واضح کیا ہے کہ فوجی عدالتوں نے دہشتگردی کیخلاف جنگ جیتنے میں مدد کی ،جلدازجلد انصاف کی فراہمی کیلئے فوجی عدالتیں وقت کی ضرورت تھیں۔یادرہے کہ پنجاب کے وزیرقانون رانا ثناء اللہ نے فوجی عدالتوں کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مدت میں توسیع کی مخالفت کی تھی۔
ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم سے خطاب کرتے ہوئے راحیل شریف کاکہناتھاکہ فوجی عدالتوں نے 170افراد کوسزاسنائی لیکن اس کے باوجود ایک لمبی فہرست ہے ، غیرمعمولی اوقات میں آپ کو غیرمعمولی اقدامات کرنے پڑتے ہیں، آرمی پبلک سکول پر حملے کے بعد معصوم بچوں کی 100ما?ں نے ملزمان کو سرعام سکول میں پھانسی دینے کا مطالبہ کیا تھا۔راحیل شریف کا فوجی عدالتوں سے متعلق بیان ایک ایسے وقت پر سامنے آیاہے جب پاکستان میں سات جنوری سے فوجی عدالتوں کی مدت ختم ہوچکی ہے اور حکومت تاحال کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکی، اپوزیشن جماعتوں کیساتھ مشاورتی عمل جاری ہے۔