لاہور (این این آئی )پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء وسینئر قانون دان اعتزازاحسن نے کہاہے کہ پانامہ کیس میں تحریک انصاف کی طرف سے وکالت کرنے کیلئے تیارتھا لیکن کچھ واقعات کی وجہ سے دشواری ہوئی ،آصف زرداری کے پارلیمنٹ میں جانے بارے فیصلے پر میرے سمیت دیگر کچھ رہنماؤں کے ساتھ مشاورت نہیں ہوئی ۔ نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے اعتزازاحسن نے کہاکہ میں پی ٹی آئی کاکیس لڑنے کیلئے بالکل تیارتھا لیکن کچھ ایسے واقعات ہوئے جن سے یہ بات آگے نہ بڑھ سکی ۔ انہوں نے کہاکہ میں اب بھی ان کے ساتھ ہوں اورسمجھتا ہوں یہ کیس بہت سادہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر پیپلزپارٹی کاوزیراعظم ہوتا اوراس کے صاحبزادے نے جائیدادیں تسلیم کی ہوتیں تو وہ ا س وقت تک جیل میں پڑا ہوتا ۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ آصف علی زرداری کا بلاول بھٹو کے ہمراہ ضمنی الیکشن لڑ کر پارلیمنٹ میں جانے کا اعلان حیران کن تھا۔ اس حوالے سے میرے ساتھ بلکہ دیگر کچھ رہنماؤں کے ساتھ بھی مشاورت نہیں ہوئی ۔ لیکن اب دیکھتے ہیں کہ اس فیصلے کے کیا نتائج آتے ہیں۔ ہم سب پیپلز پارٹی ہیں اور آگے کی طرف بڑھ رہے ہیں ۔