لاڑکانہ(این این آئی) لاڑکانہ کے حلقے این اے 204 سے پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کے اعلان کے بعد پیپلز پارٹی مخالف جماعتوں کی جانب سے بلاول کے سامنے اپنا متفقہ امیدوار لانے اور اپوزیشن کا اتحاد بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جماعت اسلامی صوبہ سندھ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل اور ضلعی امیر کاشف سعید کی صدارت میں پی پی پی مخالف جماعتوں کا اجلاس منعقد کیا گیا جس میں مجلس وحدت مسلمین کے مشتاق میمن، پاکستان تحریک انصاف کے شاہد رند، پاکستان عوامی تحریک کے شیخ عبدالعزیز اور دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے لاڑکانہ کے حلقے این اے 204 سے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کی صورت میں اپوزیشن کی جانب سے متفقہ امیدوار لانے کا فیصلہ کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ لاڑکانہ شہر میں گندگی اور دیگر مسائل جوں کے توں ہیں جنہیں پیپلز پارٹی کی حکومت اور یہاں کے منتخب نمائندوں نے تاحال نہیں کیے ہیں جس کے باعث شہری آج بھی عذاب کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں اتحاد بنانے اور متفقہ امیدوار لانے اور آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے جلد اجلاس طلب کرکے اہم فیصلے کیے جائیں گے۔