بیجنگ(این این آئی)وزیر اعلیٰ خیبر پختوانخواہ پرویز خٹک اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال کے مابین بیجنگ میں مختصر اور غیر رسمی ملاقات ہوئی ہے۔اس ملاقات میں وزیراعلی پرویز خٹک نے خیبر پختونخوا کے نئے منصوبوں کی سی پیک میں شمولیت کے امکان پر اظہار اطمینان کیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق اس موقع پر پرویز خٹک نے کہا کہ جے سی سی اجلاس میں شرکت کرکے اچھے تجربات حاصل ہوئے اور کافی کامیاب ملاقاتیں ہوئیں جس کے دور رس نتائج برآمد ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان کیلئے نہیں بلکہ پورے خطہ کیلئے گیم چینجر ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت منصوبوں سے خیبرپختونخوا ہ اور فاٹا کے علاقوں کی تقدیر بدلے گی۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ آپ کے ساتھ ملاقاتیں کامیاب رہیں، خیبر پختونخوا ہ میں نئے منصوبوں کی سی پیک میں شمولیت سے پاکستان مضبوط ہو گا۔ احسن اقبال نے کہا کہ وفاقی حکومت کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ سی پیک میں تمام صوبوں کو شامل رکھا جائے اور پسماندہ علاقوں کو ترقی کے دھارے میں شامل کرنا وزیراعظم پاکستان کے خواب کی تعبیر ہے۔