کراچی(این این آئی)سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کو اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار کی غیر قانونی گرفتاری کے معاملے پرتحقیقاتی کمیٹی نے کلئیر قرار دیدیاہے۔وزیراعلی سندھ نے ایم کیو ایم کے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر خواجہ اظہار الحسن کی گرفتاری کے بعد راؤ انوار کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزام کی تحقیقات کے لئے ایک کمیٹی بنائی تھی
جس کے سربراہی ڈی آئی جی ساؤتھ ڈاکٹر جمیل نے کی جس میں انہوں نے راؤ انوار کو تمام الزامات سے بری الذمہ قرار دے دیاہے۔زرائع کے مطابق کچھ عرصہ قبل ایس ایس پی راؤ انوار اور وزیراعلی سندھ کے درمیان ملاقات ہوئی تھی، جس میں سابق ایس ایس پی ملیر نے وزیراعلی سندھ کو خواجہ اظہار کی گرفتاری سے متعلق قانونی تقاضوں سے آگاہ کیا تھا۔
اس سے قبل راؤ انوار نے دبئی میں سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی تھی، جس میں انہوں نے تمام معاملات پر تبادلہ خیال کیا تھا۔تحقیقاتی کمیٹی نے انکوائری رپورٹ میں کہا ہے کہ راؤ انوار نے کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا تھا۔عہدے پر بحالی کے بعد ایس ایس پی راؤ انوارنے کہاکہ ایک بار پھر وہ ملک اور قوم کی خدمت کرنے کیلئے پر عزم ہیں۔