ڈیرہ اسماعیل خان (این این آئی)وزیر مال خیبر پی کے علی امین خان گنڈہ پور کے خلاف ڈیرہ میں تھانہ کینٹ میں جعلی چیک دینے پر فوری طور پر ایڈیشنل سیشن جج اصغر شاہ خلجی نے مقدمہ درج کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔ وزیر مال خیبر پی کے نے فوجدار نامی شخص کو 65لاکھ روپے کا چیک دیا تھا جو کہ متعلقہ بنک سے کیش نہ ہونے کی صورت میں باؤنس ہوگیا تھا۔
واضح رہے کہ صوبائی وزیر خبیر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی گزشتہ ہفتے ہی شراب برآمدگی کیس میں سیشن جج نے ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی تھی اور اب وہ ایک اور معاملے میں پھنس گئے ہیں،شراب برآمدگی کیس میں علی امین گنڈا پور سیشن جج سہیل اکرام کی عدالت میں پیش ہوئے تھے ،فاضل جج نے پولیس سے استفسار کیا کہ ملزم کے خلاف منصوبہ بندی کی دفعات لگائی گئی ہیں، جو لیڈر خود بھاگ رہا تھا وہ کیا منصوبہ بندی کرے گا،پولیس حکام نے بتایا کہ بوتل میں شراب ہی برآمد ہوئی تھی، رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی ہے۔ عدالت کے استفسار پر وکیل صفائی نے بتایا کہ کہ بڑی تعداد میں گرفتاریاں ہورہی تھیں، گرفتاری سے بچنے کیلئے وہاں سے بھاگنے میں ہی عافیت سمجھی۔عدالت نے دلائل سننے کے بعد علی امین گنڈا پور کی 1 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی تھی۔