اسلام آباد(آئی این پی)وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے سیکیورٹی روٹ میں امریکی سفارتخانے کی گاڑیاں گھس آئیں ،وزارت داخلہ نے سیکیورٹی حصار توڑنے پر امریکی سفارتخانے کو نوٹس جاری کر دیا ، نوٹس میں آئندہ سیکیورٹی روٹ کی خلاف ورزی کی صورت میں امریکی سفارتخانے کے اہلکاروں کی نقل وحرکت محدود کرنے کی وارننگ دی گئی ہے ۔
ذرائع کے مطابق چند روز قبل وزیر داخلہ کے لئے لگائے گئے روٹ کے دوران کشمیر ہائی وے پر چوہدری نثار علی خان کی گاڑی کے قریب سے امریکی سفارتخانے کی گاڑیاں گزریں ، وزیرداخلہ کی سیکیورٹی پر معمور عملے نے ان گاڑیوں کے نمبر نوٹ کر لیے ، تحقیقات کرنے پر یہ گاڑیاں امریکی سفارتخانے کی نکلیں جس پر وزیر داخلہ نے سخت نوٹس لیا اور وزارت داخلہ کی طرف سے امریکی سفارتخانے کو وارننگ جاری کی گئی ۔ وزارت داخلہ کی طرف سے امریکی سفارتخانے کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ امریکی سفارتکاروں کو پاکستان کے قوانین کا احترام کرنا ہو گا ،اگر آئندہ سفارتی عملے کی طرف سے قوانین کی خلاف ورزی اور کسی کے بھی سیکیورٹی روٹ کو توڑنے کی کوشش کی گئی تو سفارتکاروں کی نقل وحرکت محدود کر دیں گے ۔