اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماء و سابق وفاقی وزیر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کے صاحبزادوں حسن نواز اور حسین نواز نے مجبوری کے تحت بیرون ملک کاروبار کئے۔ مشاہد اللہ خان نے کہا کہ حسن نواز پرویز مشرف کے اقتدار پر قبضہ کرنے کے وقت لندن میں تھے۔ اس وقت حسن نواز وہاں کیا کرتے ؟ کیا وہ پرویز مشرف کی طرح دنیا بھر میں مانگتے پھرتے یا وہاں بزنس کرتے؟ اسلئے حسن نواز نے لندن میں کاروبار کیااور بحالت مجبوری کیا، بزنس کرنا کوئی بری بات نہیں، سب کرتے ہیں۔ کسی قانون کی خلاف ورزی نہیں کی گئی۔ شریف خاندان کے لوگوں کو ملک سے دھکے دے کر نکال دیا گیا تھا تو انہوں نے کوئی نہ کوئی کاروبار تو کرنا ہی تھا۔ مشاہد اللہ خان نے نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر حسن نواز اور حسین نواز پاکستان میں کاروبار کریں تو یہ کہا جائے گا کہ جی دیکھیں ! والد وزیر اعظم ہیں اور بچے یہاں بزنس کرتے ہوئے لوٹ مار کر رہے ہیں۔