لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)پنجاب حکومت نے اسموگ اور دھند زیادہ ہونے پر سکولوں اورکالجوں کی چھٹیاں دینے پر غور کررہی ہے۔ طبی ماہرین کہتے ہیں دمے اور سانس کے مریض اس موسم میں زیادہ احتیاط کریں۔مشیر صحت پنجاب سلمان رفیق نے پنجاب میں اسموگ اور دھند کی صورتحال پر لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اسموگ اور دھند زیادہ ہونے پر پنجاب بھر میں سکولوں اورکالجوںکی چھٹیاں کرنے پر غور کریں گے۔سیکریٹری صحت ڈاکٹر مسعود کا کہنا ہے کہ اسموگ سے بچنے کیلئے آنکھوں میں پانی کے چھینٹے ماریں، اسموگ کے باعث الرجی اور آنکھ، ناک سے پانی جاری ہوسکتا ہے، آنکھوں کو صاف کرنے کیلئے ڈراپس بھی استعمال کئے جاسکتے ہیں۔سیکریٹری ماحولیات سیف انجم نے بتایا کہ دمے یا سانس کے مریض اسموگ میں زیادہ احتیاط کریں، نمی کا تناسب بہتر کرنے کیلئے کمروں میں گرم پانی کی بھاپ دیں۔واضح رہے کہ پنجاب کے مختلف شہر ان دنوں شدید دھند اور اسموگ کی لپیٹ میں ہیں، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ حد نظر کم ہونے کے باعث ٹریفک حادثات میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔