اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) چین کے شہر کرامے کو ریلوے لائن کے ذریعے سنکیانگ کے شہر کاشغر سے ملا دیا گیا ہے ، یہ ریلوے لائن حال ہی میں تعمیر کی گئی ہے ، ریلوے لائن کوتن ، شی ہیزی ، ارومچی اور ترپان سے گزرتی ہوئی کاشغر کے شمال میں پہنچے گی جو چین کے خو د مختار علاقے سنکیانگ یغور کا معروف شہر ہے اس نئی ریلوے لائن کے ذریعے پاکستانیوں کو سڑک کے ساتھ ریل کے ذریعے سفر کی بھی سہولتیں حاصل ہو جائیں گی ، ٹرین کے ذریعے سنکیانگ کے جنوبی اور شمالی علاقوں کو پہلی بار ملادیا گیا ہے ،اس سے علاقے میں تجارت کو فروغ حاصل ہو گا اور پاکستان سے چین جانیوالے تاجروں اور سیاحوں کو بھی خنجراب سے کرامے جانے کیلئے ریلوے کی سہولت حاصل ہو جائے گی ۔یہ بات کرامے ٹرانسپورٹ بیور و کے حکام نے بتائی ہے ، اس نئی ریلوے لائن کا مقصد ٹرانسپورٹ کے نیٹ ورک کو زیادہ بہتر بنانا ہے کیونکہ کرامے اس خود مختار علاقے سے سامان کی نقل و حمل کا ایک بڑا مرکز بن چکا ہے اور اس سے نہ صرف سیاحت کو بلکہ مقامی معیشت کوبھی فروغ حاصل ہو گا ، کاشغر چین کے مغربی شہریوں میں ایک بڑا شہر ہے جو کرغزستان ،تاجکستان ، افغانستان اور پاکستان کی سرحد کے قریب واقع ہے ،یہ 2000سالہ قدیم شہر ہے اور ماضی میں یہ تجارتی مرکز رہا ہے ، شاہرا ہ ریشم پر واقع ہونے کے حوالے سے یہ چین مشرق وسطیٰ اور یورپ کیلئے بڑی اہمیت کا حامل ہے ۔