کراچی(این این آئی)مئیر کراچی وسیم اخترنے کہاہے کہ وزیر اعلی سندھ اب شادی ہال اور مارکیٹیں کھولنے اور بند کرنے کا تعین کر رہے ہیں جبکہ یہ کام انکا نہیں کے ایم سی کا ہے عدالت سے استدعا ہے مجھے ضمانت دی جائے تاکہ کراچی کے عوام کی خدمت کر سکوں۔ وہ ہفتہ کوانسداددہشت گردی کی خصوصی عدالت میں اشتعال انگیز اور دہشتگردوں کو سہولت فراہم کرنے سے متعلق کیس میں پیشی کے بعد میڈیا سے بات چیت کررہے تھے ۔
وسیم اخترنے کہاکہ میں کوئی چور ڈاکو نہیں جو بھاگ جاؤں گا۔کراچی کی عوام کی خاطر اپنا پاسپورٹ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کے دفتر میں جمع کرانے کو تیار ہوں۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی شادی ہال اور مارکیٹیں بند کرانے کا تعین کر رہے ہیں جو کہ انکا کام نہیں ہے بلکہ کہ یہ کے ایم سی کا کام ہے عدالت سے استدعا کرتا ہوں کہ مجھے ضمانت دی جائے تاکہ باہر آکر عوام کی خدمت کر سکوں۔انہوں نے کہاکہ مجھ پر گاڑیاں جلاانے کا الزام ہے۔ ہنسی آتی ہے یہ سن کر اس سے ساری دنیا میں بھی پاکستان کی جگ ہنسائی ہو رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ مئیر کو کونسل کے اجلاس میں بھی شرکت کی اجازت نہیں دی جاتی یہ کہاں کا انصاف ہے۔