اسلام آباد(آئی این پی) وفاقی وزارت داخلہ نے مختلف مقدمات میں مطلوب اور بھارتی ایجنٹ برہمداغ بگٹی کو انٹرپول کے ذریعے بیرون ملک سے واپس لانے کے لئے صوبائی حکومت کو جلد ازجلد ریفرنس ارسال کرنے کی ہدایت کر دی ، بلوچستان حکومت کے ریفرنس کی روشنی میں آئندہ چند دنوں تک برہمداغ بگٹی کے ریڈ وارنٹ کے اجراء کے لئے انٹرپول کو خط ارسال کر دیا جائے گا ۔ ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ کی طرف سے محکمہ داخلہ بلوچستان کو خط لکھا گیا ہے جس میں بلوچ علیحدگی پسند رہنما برہمداغ بگٹی کو انٹرپول کے ذریعے بیرون ملک سے واپس لانے کے لئے ان کے خلاف مقدمات کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں ۔ وزارت داخلہ نے محکمہ داخلہ بلوچستان کو برہمداغ بگٹی کے خلاف تفصیلی ریفرنس رواں ہفتے کے دوران ارسال کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت کا ریفرنس موصول ہوتے ہیں برہمداغ بگٹی کے انٹرپول سے ریڈ وارنٹ کے لئے اجراء کے لیے خط لکھ دیا جائے گا۔واضح رہے کہ محکمہ داخلہ بلوچستان نے دو ماہ قبل وزارت داخلہ کو ایک درخواست ارسال کی تھی جس میں برہمداغ بگٹی کو انٹرپول کے ذریعے گرفتار کر کے وطن واپس لانے کی استدعا کی گئی تھی تاہم اس درخواست کے ساتھ برہمداغ کے خلاف درج مقدمات کی تفصیل تو موجود تھی لیکن انٹرپول کو مطلوب کچھ دستاویزات نہیں تھیں جس کی وجہ سے محکمہ داخلہ کو تفصیلی ریفرنس ارسال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے