لاہور ( این این آئی)صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)واحدسیاسی جماعت ہے جو ہر حال میں قومی و صوبائی سطح پر عوامی خدمت کے ساتھ ساتھ اپنے عہدیداروں اور ورکرز کو ہمیشہ نمایاں مقام اورعزت دیتی ہے جس کی وجہ سے مشکل ترین وقت میں بھی وابستہ لوگ ہر حال میں مطمئن اور خوش رہتے ہیں اور پارٹی سے وابستگی اپنے لئے اعزاز تصور کرتے ہیں ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار تھٹہ تحصیل جنڈ کے مقام پر سابق تحصیل ناظم جنڈ سردار منظر امیر خان کے پاکستان مسلم لیگ نواز میں شامل ہونے کے موقع پر منعقدہ ایک پروقار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پروفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد 249ملک اعتبار خان ایم این اے،صوبائی وزیر معدنیات چوہدری شیر علی خان اور اراکین اسمبلی ملک ظفر اقبال، ملک شاویزخان کے علاوہ مقامی یونین کونسلوں کے چیئرمین اور وائس چیئرمینوں ،پارٹی کے مقامی عہدیداروں اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔اس موقع پر اپنے خطاب میں صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ یہ بات پوری طرح عیاں ہوچکی ہے کہ اس ملک کے بیشتر سنجیدہ حلقوں کے لئے مسلم لیگ نواز ہی سب سے بہتر جماعت ہے جو انہیں ان کو ایک سنجیدہ اور باوقار فورم مہیا کرتی ہے جس سے وہ اپنے علاقے کی خدمت کرنے کے ساتھ ساتھ ملک و قوم کے لئے بھی کچھ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سردار صاحب جس طبیعت کے مالک انسان ہیں ان کے لئے اس پارٹی سے بہتر کوئی جگہ نہ تھی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار منظرامیر خان نے کہا کہ میں پاکستان مسلم لیگ (ن)میں شامل ہو کر فخر محسوس کررہا ہوں۔انہو ں نے کہا کہ اگر علاقے او ر ملک وقوم کی خدمت کرنی ہو تو مسلم لیگ (ن) سے بہتر پارٹی کوئی نہیں ہے۔انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی قیادت پر بھرطور اعتماد کا اظہار کیا اور اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت مسلم لیگ نواز میں شمولیت اختیار کی ۔صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے انہیں پارٹی میں خوش آمدید کہا اور کہا کہ سردار صاحب کی جماعت میں شمولیت ہم سب کے لئے باعث فخر ہے اور انشاء اللہ ان کی خدمات سے اب علاقہ بہتر طور پر مستفید ہو گا اور مقامی سطح پر لوگوں کے مسائل حل کرنے میں بڑی مدد ملے گی ۔تقریب سے وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد اور دیگر مقررین نے اپنے خطاب میں سردار منظر امیر خان کی پارٹی میں شمولیت پر خوشی کا اظہار کیا۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں