لاہور ( این این آئی) لاہور ہائیکورٹ نے متحدہ قومی موومنٹ کی سیاسی جماعت کی حیثیت سے رجسٹریشن منسوخ کرنے کے لئے دائر درخواست پر وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 20ستمبر کو جواب طلب کر لیا ۔گزشتہ روز چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس سید منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت شروع کی تو درخواست گزار آفتاب ورک ایڈووکیٹ نے موقف اپنایا کہ آئین کے تحت سیاسی جماعت کامحب وطن ہونالازم ہے لیکن یم کیوایم کے قائدین کے بیانات سے ثابت ہوچکا ہے کہ یہ جماعت محب وطن نہیں ہے۔عوامی نمائندگی ایکٹ کے تحت ملک مخالف سرگرمیاں کرنے پر کسی بھی سیاسی جماعت کی رجسٹریشن منسوخ کی جا سکتی ہے۔لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ ایم کیو ایم کی بطور سیاسی جماعت کی حیثیت سے رجسٹریشن منسوخ کرنے کا حکم دیا جائے۔فاضل عدالت نے درخواست گزار کا موقف سننے کے بعد وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن کو 20ستمبر کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیااور کیس کی مزید سماعت ملتوی کر دی