کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک )متحدہ قومی موومنٹ کے مرکزی رہنما فاروق ستار نے متحدہ کے اہم رہنماؤں کو مشورہ دیا ہے کہ سرگوشی ہمیشہ خطرناک ہوتی ہے ،اگر بات کرنی ہے تو باآواز بلند کریں ،ایم کیو ایم میں پاکستان کی سیاست کررہی ہے،یقین دلاتا ہوں کہ متحدہ کے فیصلے پاکستان میں ہوں گے۔معروف نجی ٹی وی سے گفتگو میں فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم کے فیصلے رابطہ کمیٹی پاکستان کرے گی، لندن سے بھی توثیق کردی گئی کہ پارٹی پاکستان سے چلے گی، ہمارے فیصلے کو وقت کی قید میں نہیں جکڑیں کہ یہ عارضی ہے، ہر سطح پر احساس ہے کہ بار بار معاملات بگڑ جاتے ہیں۔ ایم کیوا یم کے نمائندوں اور کارکنوں کو اب وسوسہ نہیں کہ انہیں کسی اور جگہ شیلٹر لینا پڑے گا۔ الطاف حسین نے جو بھی کہا بنیادی بات ہے ریاست کے احترام کی حدود کو تجاوز نہیں کرنا چاہئے تھا، اصولاً تو کسی ایک ادارے یا اہلکار کیخلاف بھی بات نہیں کرنی چاہئے تھی لیکن کردی، ادارے اور اداروں کے اہلکار ریاست کے ماتحت ہوتے ہیں۔ فاروق ستار نے کہا کہ ارشد وہرہ کیلئے مشورہ ہے کہ سرگوشی ہمیشہ خطرناک ہوتی ہے،خاموشی اختیار کریں یا باآواز بلند بات کریں، وسیم اختر نے کچھ باتیں بہت اچھی کہیں لیکن کچھ باتوں سے میں متفق نہیں ہوں، وسیم اختر کو سمجھاؤں گا انہیں اب جوشیلے کارکن کا کردار ختم کردینا چاہئے، وہ اب کراچی کے میئر ہیں انہیں بردباری اور متانت سے بات کرنا ہوگی ، وسیم اختر پر سیاسی مقدمات بنائے جارہے ہیں۔