کراچی (آن لائن)ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر نے کہا ہے کہ اختیارات ملنے سے کراچی کے حالات میں نمایاں بہتری آئی ہے، اختیارات ملے تو کراچی کی طرح اندرون سندھ بھی آپریشن کریں گے کراچی شہر میں جاری آپریشن اسی شدت کے ساتھ جاری رہے گا۔انہوں نے یہ بات ہفتے کو کراچی ایکسپو سینٹر میں ایسوسی ایشن آف بلڈرزاینڈڈیولپرز(آباد)کے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے کہا کہ کراچی میں 2008 سے 2013 کے دوران روزانہ 10 افراد قتل ہوتے تھے لیکن شہر میں آپریشن کے بعد سے یومیہ قتل و غارت کے واقعات اب اوسطاً 2 رہ گئے ہیں، 3 سال میں آپریشن کے دوران 6 ہزار سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا جن میں سے 1200 کا تعلق کالعدم تنظیموں سے ہے جب کہ مختلف جماعتوں کے عسکری ونگ کے 855 ٹارگٹ کلرز کو بھی گرفتار کیا گیا۔ ڈی جی رینجرزکا کہنا تھا کہ کراچی کو جرائم پیشہ افراد نے یرغمال بنا رکھا تھا لیکن شہر میں جاری آپریشن بھرپورشدت کے ساتھ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی پیسہ حاصل کرکے کراچی میں قتل وغارت گری کی گئی، افغان خفیہ ایجنسی بھی کراچی کی دہشت گردی میں ملوث ہے۔ ڈی جی رینجرز کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے بہت دشمن ہیں اور بھارتی ایجنسی را سی پیک کے خلاف متحرک ہے۔#