کابل (مانیٹرنگ ڈیسک )افغان صدر ڈاکٹر اشرف غنی نے صوبہ لوگر میں پاکستانی ہیلی کاپٹر کی ہنگامی لینڈنگ کے واقعے کی تحقیقات کیلئے کمیٹی قائم کردی۔افغان میڈیا کے مطابق صدر اشرف غنی کی زیر صدارت اہم سیکیورٹی اجلاس ہوا جس میں پاکستانی ہیلی کاپٹر کی لوگر میں ہنگامی لینڈنگ کے بعد کی صورتحال پر غور کیا گیا ۔ اجلاس میں واقعے کی تحقیقات کے لئے کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ، کمیٹی ہیلی کاپٹر کی ایمرجنسی لینڈنگ کی وجوہا ت کا تعین کرے گی۔ افغان صدارتی ترجمان کا کہنا ہے کہ کمیٹی جائزہ لے گی کہ کیا یہ وہی ہیلی کاپٹر تھا جس کی اجازت لی گئی ، تحقیقات کے بعد افغانستان سفارتی اقدامات کرنے کا حق رکھتا ہے ۔ پاکستان نے ایم آئی 17 کے لئے فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت لی تھی ، ہیلی کاپٹر نے مرمت کے لئے ازبکستان میں روسی بیس پر جانا تھا ۔