اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے پیشکش کرتے ہوئے کہاہے کہ وزیراعظم نواز شریف اگر ہمارے پیش کیے گئے پانامہ لیکس کی تحقیقات کے ٹی او آرز مان جائیں تو ہم احتجاج ختم کر کے گھر چلے جائیں گے، جمہوری پارٹیاں کبھی بھی مارشل لاء نہیں چاہتیں ، ہماری تحریک پر امن ہے ،عوامی تحریک اور ہم وزیر اعظم کے احتساب کا مطالبہ کر رہے ہیں، سانحہ ماڈل ٹاؤن میں 14 لوگوں کا مارا گیا کسی بھی پارٹی کے لوگوں پر ظلم ہو تو ہم اس کے ساتھ ہوں گے۔ ہفتہ کو نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عمران خابن نے کہا کہ جمہوری پارٹیاں کبھی بھی مارشل لاء نہیں چاہتیں ۔ ہم صرف جمہوری پارٹی کی طرح پُر امن تحریک چلا رہے ہیں جو ہمارا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے میرے خلاف ریفرنس کے حوالے سے بلایا تو میں نہیں جاؤں گا۔ کسی بھی پارٹی پر ظلم ہوتا ہے تو ہم ان کے ساتھ کھڑے ہو ں گے۔ عوامی تحریک اور ہم وزیر اعظم کے احتساب کا مطالبہ کر رہے ہیں ۔ عمران خان نے کہا کہ طاہر القادری کی تحریک سانحہ ماڈل ٹاؤن واقعہ کے قصاص کیلئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تحریک پانامہ لیکس کے احتساب کیلئے ہے۔ کیا عام آدمی اور بادشاہ کیلئے الگ الگ قانون ہے۔ پی ٹی آئی کے چیئر مین نے کہا کہ جمہوریت میں سیاسی پارٹیاں عوام کے پاس ہی جاتی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کا وزیراعظم قانون توڑتا ہے اور اپوزیشن خاموش رہتی ہے۔ اس لیے ہم عوام کو سب کچھ بتا نے جارہے ہیں۔ا نہوں نے کہا پانامہ لیکس کے انکشافات ہم نے نہیں کیے بلکہ یہ عالمی انکشافات ہیں۔چیئر مین تحریک انصاف نے کہا کہ نواز شریف اب بھی اگر ہمارے پیش کیے گئے پانامہ لیکس کی تحقیقات کے ٹی او آرز مان جائیں تو ہم احتجاج ختم کر کے گھر چلے جائیں گے۔(ح ب)